سعودی عرب : مالی سال 2019ء کے میزانیے میں 11 کھرب ریال اخراجات کے لیے مختص

King Salman Bin Abdulaziz Al Saud

King Salman Bin Abdulaziz Al Saud

الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مالی سال 2019ء کے میزانیے کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔نئے میزانیے میں اخراجات کا تخمینہ 11 کھرب سعودی ریال لگایا گیا ہے اور یہ ایک ریکارڈ رقم ہوگی ۔یہ رقم 2018ء کے مقابلے میں 7.3 فی صد زیادہ ہے۔

سعودی عرب کی وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 2019ء میں آمدن کا تخمینہ 975 ارب ریال لگایا گیا ہے۔اس طرح 2018ء کے مقابلے میں آمدن کا تخمینہ نو فی صد زیادہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ آیندہ سال بجٹ خسارہ کم ہو کر 4.2 فی صد رہ جائے گا۔بجٹ خسارے کی رقم 131 ارب ریال ہوگی جبکہ سرکاری قرضے کا حجم 678 ارب ریال ہوگا ۔ قرضے کی یہ رقم مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی) کا 21.7 فی صد ہوگا۔

سعودی عرب کے زرمبادلہ کے ذخائر آیندہ مالی سال کے دوران میں 496 ارب ریال تک پہنچ جائیں گے اور یہ رقم جی ڈی پی کا 15.9 فی صد ہو گی۔