محفوظ الیون،ینگ حقانی اور فیوچر اسٹار کی ٹیمیں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئیں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)رحیم محمڈن اور اُسامہ اسپورٹس کے زیر اہتمام شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈیم میں منعقدہ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں کراچی تین بہترین فٹ بال ٹیموں نے فتح سے ہمکنار ہوکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔کواٹر فائنل مرحلے کے اہم میچ میں کوہاٹ اسپورٹس نے محفوظ الیون ملیر کو پنالٹی ککس پر 4-3سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ 1-1گول سے برا بر رہا کوہاٹ اسپورٹس کے محمد شکیل جبکہ محفوظ الیون کے سفیان نے میچ کے دوران گول کئے ۔دوسرے مقابلے میں کیماڑی محمڈن نے اپنے مد مقابل ینگ حقانی کو بھی پنالٹی ککس پر 5-4سے زیر کرکے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا میچ کے دوران دونوں ٹیموں کا کانٹے دار مقابلہ ہوا جو کہ 3-3گول کے برابری پر ختم ہو ا۔

کیماڑی محمڈن کی جانب سے حبیب اور ذیشان علی نے اور ینگ حقانی کے علی نواز اور احمد علی نے گول اسکور کئے جبکہ کوارٹر فائنل کے تیسرے اہم میچ میں تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل خیبر مسلم نے ایک یک طرفہ مقابلے کے بعد فیوچر اسٹار لانڈھی کو 3-0سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی فاتح ٹیم کی جانب سے بلال آفریدی نے دو جبکہ لیاقت علی نے ایک گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹورنامنٹ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل بروز جمعہ اور ہفتے کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ بروز اتوار سے شروع ہوگا جسمیں اندرون سندھ کی فٹ بال ٹیموں کے علاوہ کراچی کے ڈیپارٹمنٹل فٹ بال کلبز مد مقابل ہونگے اس ٹورنامنٹ دو فائنل کھیلے جائیں گے۔

ونر ٹیم کو 25ہزار روپے جبکہ رنر اَپ ٹیم کو 15ہزار روپے کیش پرائز کے علاوہ ٹرافیاں ،ٹرک سوٹ ،کٹ بیگ گھڑیاں اور دیگر انعامات سے نواز جائیگا ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی کیش پرائز دیا جائے گا۔

Foot Ball Tornament

Foot Ball Tornament