حساس ادارے کے پانچ اہلکار ٹریفک حادثے میں جاں بحق، وزیر اعظم، آرمی چیف کا افسوس

 Traffic Accident

Traffic Accident

سرگودھا (جیوڈیسک) شہید کی نماز جنازہ ادا کر کے واپس جانے والی حساس ادارہ کی گاڑی اور ٹرک کے تصادم کے نتیجہ میں ایئر ڈیفنس کور سے تعلق رکھنے والے پانچ اہلکار جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے جنہیں سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

سانحہ رائے ونڈ میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے صابر حسین کی نماز جنازہ آبائی گاﺅں دھیرو وال میں ادا کرنے کے بعد حساس ادارہ کی گاڑی نمبر 932223 ایئر ڈیفنس پر جا رہے تھے کہ پٹھانکوٹ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے ٹرک نمبر 1746 آر آئی ڈی سے تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک ہی یونٹ سے تعلق رکھنے والے 11 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے نائب خطیب احسان الحق ، لانس نائیک محمد سلطان، لانس نائیک اصغر شاہ، لانس نائیک محمد آصف، سپاہی عدنان جاں بحق ہوگئے جبکہ نائیک محمد اقبال، حوالدار محمد شعیب، سپاہی فرخ شہزاد، سپاہی ثناءﷲ، سپاہی احمد نواز، صوبیدار احمد بخش زخمی ہوگئے جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او راجہ بشارت و نفری کے دیگر ارکان موقعہ پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں زخمیوں کو ہسپتال داخل کروایا۔ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے گاڑی قبضہ میں لے لی جبکہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا تعلق ایئر ڈیفنس کور سے بتایا جاتا ہے۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف ، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سانحہ رائےونڈ کے شہید صابر حسین اور حادثہ میں حساس ادارہ کے جوانوں کے جاں بحق ہونے پر ورثاء سے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔