7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے شاہین دشمن پر جھپٹ پڑے

Pakistan Air Force

Pakistan Air Force

کراچی (جیوڈیسک) 7 ستمبر 1965 کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ جنگی طیاروںکو تباہ کرکے عالمی ریکارڈ بنانے والے اسکورڈن لیڈر ایم ایم عالم کے کارنامے زندہ و جاوید اوریوم فضائیہ کا خاصہ ہیں۔پاکستان میں یہ دن یوم فضائیہ کے نام سے منایا جاتا ہے۔ 1965 کی جنگ میں اس روز پاک فضائیہ نے دشمن کو ایسی دھول چٹائی

جس نے ایک نئی تاریخ رقم کی ،جنگ کے ہیرو اسکورڈن لیڈر محمد محمود عالم نے دشمن کے9 جنگی طیارے مار گرائے جن میں پانچ لڑاکا طیارے تو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تباہ کیے۔ بہادری کے صلے میں دو بار ستارہ جرات سے نوازاگیا۔ایم ایم عالم 6 جولائی 1935 کو کلکتہ میں پیدا ہوئے، اکتوبر 1953 میں پاک فضائیہ میں کمیشن حاصل کیا، فائٹر پائلٹ کی حیثیت سے جنگی معرکے سر کیے۔

ان کے زیر استعمال Sabre F-86 طیارہ رہا۔شجاعت ایسی کہ لٹل ڈریگن کےلقب سے مشہور ہوئے۔ایم ایم عالم 1982 میں ائیر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے، ان کے ساتھ وقت گزارنے والے آ فیسرز کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ایم ایم عالم کی زندگی مطالعہ کرنے میں گزری۔ بیماری کے ایام میں بھی ایم ایم عالم اتنے ہی پرجوش تھے جتنا جنگ کے دوران نظر آتے تھے۔ ایم ایم عالم کاجذبہ اورپیشہ ورانہ مہارت پاک فضائیہ کے جوانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔پاک فضائیہ کو بجا طور پر اپنے اس سپوت پر ہمیشہ فخر رہے گا۔