تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے بھارت کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے کروڑوں شہری غربت کی زندگی گزار رہے ہیں جو اپنی حالت بہتر بنانے کے لئے ہماری انتہائی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان کا مستقبل ہماری اقتصادی منزل سے منسلک ہے اور ہماری مربوط کوششیں ان کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کا سبب بن سکتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ماہ ان کے ساتھ ہونے والی ملاقات بہت مفید رہی، اس ملاقات کے دوران حالیہ ملاقات میں دوطرفہ اور خطے کی صورت حال پربامعنی مذاکرات ہوئے، وہ اس ملاقات کے دوران دو طرفہ اور علاقائی دلچسپی کے باہمی امور پر خیالات کے تبادلے کے بعد مطمئن ہوکر واپس لوٹے ہیں اور دونوں ممالک کے مفاد میں تمام تصفیہ شدہ معاملات پر ہم آہنگی کے لئے بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انھیں امید ہے کہ ان کی کوششیں خطے میں انتہائی روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گی۔