شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو بالآخر ضمانت مل گئی

Aryan Khan

Aryan Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) ممبئی ہائی کورٹ نے منشیات سے متعلق ایک اہم کیس میں بالی وڈ کے اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریئن خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ منشیات کی روک تھام کے ادارے نے دو اکتوبر کو انہیں ایک کروز جہاز سے گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔

ممئبی ہائی کورٹ نے 28 اکتوبر جمعرات کے روز بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریئن خان کو ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سنایا، تاہم جیل سے ان کی رہائی جمعہ یا پھر ہفتے کے روز تک ہی ممکن ہے، کیونکہ اس کے لیے عدالتی دستاویزات جیل حکام تک پہنچنا ضروری ہیں اور عموما یہ عمل کافی سست روی کے ساتھ ہوتا ہے۔

اس سے قبل زیریں عدالتوں نے آریئن خان کی ضمانت کی درخواست دو بار مسترد کر دی تھی۔ سنگل بینچ کے جج این ڈبلیو سامبرے نے اسی کیس میں دو اور ملزمان ارباز مرچنٹ اور مون مون دھمیچہ کو بھی ضانت دے دی ہے۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا، ’’تینوں کی استدعا منظور کی جاتی ہے۔ میں اس حوالے سے تفصیلی آرڈر کل شام تک پاس کروں گا۔‘‘

سپریم کورٹ کے سرکردہ وکیل اور ملک کے سابق اٹارنی جنرل موکل روہاتگی آریئن خان کیس کی پیروی کر رہے تھے۔ انہوں نے بحث کے دوران کہا تھا کہ آریئن کی گرفتاری نہ صرف غلط ہے بلکہ اس سے ان کی آئینی ضمانتوں کی بھی براہ راست خلاف ورزی ہوتی ہے۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ آریئن کے خلاف کیس دو برس پرانی واٹس ایپ چیٹس کی بنیاد پر بنایا گیا، جس کی قانون کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔

اس سے قبل جب ایک ذیلی عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی تو معروف اداکار شاہ رخ خان اپنے بیٹے آریئن خان سے ملاقات کے لیے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل پہنچے تھے۔ پھر دو روز بعد آریئن کی والدہ گوری خان نے بھی جیل میں اپنے بیٹے سے ملاقات کی تھی۔

آریئن کو دو اکتوبر کے روز ایک کروز پر پارٹی کے دوران مبینہ طور پر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا اور پھر آٹھ اکتوبر کو با ضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ وہ گزشتہ تقریباً چار ہفتوں سے جیل میں ہیں۔

بھارت میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے دعوی کیا تھا کہ اس نے ممبئی کے ساحل سمندر میں ایک کروز (بحری جہاز) پر چھاپہ مار کر وہاں ہونے والی ریو پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا تھا، جن میں بالی وڈ کے اداکار شاہ رخ خان کے 23 سالہ بیٹے آریئن خان بھی شامل تھے۔

آریئن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے پاس سے کسی طرح کی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور انہیں صرف واٹس ایپ چیٹ کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔ لیکن این سی بی کا دعوی ہے کہ ان کے پاس واضح ثبوت موجود ہیں کہ منشیات کے تانے بانے بالی وڈ سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔

این سی بی نے دعوی کیا تھا کہ تلاشی کے دوران 13 گرام کوکین،21 گرام چرس ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں اور پانچ گرام ایم ڈی برآمد کی گئیں۔

شاہ رخ خان کے ساتھ بالی وڈ کا اظہار یکجہتی
آریئن خان کی گرفتاری اور اس کے بعد عدالتی کارروائی کے دوران بالی وڈ کے متعدد معروف اداکار اور اہم شخصیات شاہ رخ خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ فلم اداکار سلمان خان تو شاہ رخ سے ملاقات کے لیے ان کے گھر ‘منّت’ بھی گئے تھے۔ اس کے علاوہ بہت سے فلمی ہستیوں نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔