عراق سے بیلاروس تک کا روٹ، مہاجرین یورپ کیسے پہنچ رہے ہیں؟

Refugees

Refugees

عراق (اصل میڈیا ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں عراق سے ان دنوں ہزاروں تارکین وطن غیر قانونی طور پر یورپی یونین میں داخلے کے لیے اسمگلروں کی مدد سے بیلاروس کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس سفر میں موت کے خطرات تک کو بھی خاطر میں نہیں لاتے۔

یورپی یونین میں اپنے لیے بہتر اقتصادی مستقبل کی تلاش میں اب مختلف بحران زدہ اور ترقی پذیر ممالک سے مہاجرین اور تارکین مشرقی یورپ کے راستے کتنی بڑی تعداد میں یورپ پہنچنے لگے ہیں، اس کا اندازہ اس ایک بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں ماہ کے شروع سے اب تک ایسے تارکین وطن بیلاروس سے پولینڈ کے ریاستی علاقے میں داخلے کی 11 ہزار 300 کوششیں کر چکے ہیں۔

سال رواں کے دوران ایسے مہاجرین کی بیلاروس سے پولینڈ میں غیر قانونی داخلے کی مجموعی طور پر 23 ہزار کوششیں رجسٹر کی جا چکی ہیں۔ پولینڈ میں ایسے تارکین وطن جرمنی کے ساتھ سرحد تک پہنچ جاتے ہیں۔ جرمنی کے 16 میں سے تین صوبوں کی سرحدیں پولینڈ سے ملتی ہیں۔ یہ وفاقی جرمن صوبے برانڈن برگ، میکلن برگ مغربی پومیرانیا اور سیکسنی ہیں۔ جرمن سرحدی پولیس کے مطابق اس سال اب تک پولینڈ سے تقریباﹰ چھ ہزار تارکین وطن غیر قانونی طور پر جرمنی میں داخل ہو چکے ہیں۔

عراق سے ایسے جن تارکین وطن کو بیلاروس کے راستے یورپ اسمگل کیا جاتا ہے، ان کی اکثریت کا تعلق تو عراق ہی سے ہوتا ہے مگر ان میں خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے شہریوں کے علاوہ افریقہ میں کانگو اور کیمرون جیسے ممالک کے باشندے بھی شامل ہوتے ہیں۔

ان تارکین وطن کے لیے ان کے سفر کے آغاز کے مرکزی مقام تین ہیں۔ یہ تینوں عراقی کردستان کے علاقے کے شہر ہیں، جن کے نام اربیل، شیلادزی اور سلیمانیہ ہیں۔ اس سال اگست میں یورپی یونین کی طرف سے دباؤ کے نتیجے میں بغداد سے بیلاروس کے لیے براہ راست پروازیں بند کر دیے جانے کے بعد کئی ٹریول ایجنٹوں کے مطابق اب زیادہ تر تارکین وطن دبئی، ترکی، لبنان اور یوکرائن سے ہوتے ہوئے یورپی یونین میں داخلے کی کوشش کرتے ہیں۔

اس نئی پیش رفت کا ایک ثبوت گزشتہ ہفتے جرمن وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے دیا جانے والا یہ بیان بھی ہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں بیروت، دمشق اور عمان سے براہ راست منسک آنے والی پروازوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔

کئی مختلف رپورٹوں کے مطابق ایسے تارکین وطن کے مشرق وسطیٰ سے یورپی یونین تک سفر پر فی کس 12 ہزار سے 15 ہزار یورو (14 ہزار سے 17 ہزار امریکی ڈالر) تک لاگت آتی ہے۔ اس میں ان تارکین وطن کے لیے ویزوں کا انتظام، فضائی سفر کے اخراجات اور یورپ پہنچنے کے بعد یورپی یونین میں اسمگل کیے جانے کا معاوضہ بھی شامل ہوتا ہے۔