شاہ سلمان کا عراقی صدر سے کشیدگی کم کرنے پر زور

Shah Salman bin Abdul Aziz

Shah Salman bin Abdul Aziz

ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے جمہوریہ عراق کے صدر ڈاکٹر برھم صالح کو ٹیلیفون کرکے عراق میں جاری کشیدگی پر بات چیت کی ہے۔ شاہ سلمان نے عراقی صدر پر کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے عراقی صدر سے رابطے کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے برادر ملک عراق کی سلامتی اور استحکام کی حمایت اور کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عراق میں پیدا ہونے والے تازہ بحران کو دانش مندی اور حکمت سے ختم کرنے اور تنائو کم کرنے کےلیے موثر اقدامات پر زور دیا۔

دوسری جانب عراقی صدرنے شاہ سلمان کی طرف سے تعاون کی یقین دہانی اور کشیدگی میں کمی کوششوں کو سراہا۔

خیال رہے کہ حالیہ ایام میں امریکا کے عراق میں شیعہ ملیشیائوں بالخصوص ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی بغداد میں ایک آپریشن میں ہلاکت کے بعد بغداد میں سخت کشیدگی ہے۔ تازہ واقعات پرامریکا اور عراق کے درمیان بھی تنائو بڑھ رہا ہے جب کہ دوسری طرف ایران اورا مریکا کے درمیان جنگ کے خطرات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ ایسے میں سعودی فرمانروا کی طرف سے عراق میں کشیدگی میں کمی کی کوششیں اہمیت کی حامل سمجھی جاتی ہیں۔