شہباز بھٹی قتل کیس، تحقیقات کیلئے نئی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ

Shahbaz Bhatti murder case

Shahbaz Bhatti murder case

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی پولیس نے سابق وفاقی وزیر اقلیتی امور شہباز بھٹی قتل کیس کی تحقیقات کے لئے نئی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم مقدمے کے ملزم حماد عادل اور عدنان عادل کو جیل سے عدالت طلب کرنے اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کیلئے چیف کمشنر اسلام آباد کو خط لکھ دیا ہے۔

جس میں کہا گیا ہے کہ سابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے اراکین کا تبادلہ ہو چکا ہے۔ نئی ٹیم کے لئے ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن الیاس، اے ایس پی شاکر احمد، ایس ایچ او الفت عارف، سی آئی ڈی کا ایک افسر اور آئی بی کے نمائندے کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔ نئی تحقیقاتی ٹیم عدالت سے استدعا کریگی کہ شہباز بھٹی قتل کا اعتراف کرنے والے حماد عادل اور عدنان عادل کو جیل سے طلب کر کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔