شہباز شریف نے کم وسیلہ طبقات کیلئے ڈیبٹ کارڈ اجرا کرنے کی منظوری دیدی

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے انتہائی کم وسیلہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے خصوصی پروگرام کی منظوری دے دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ سبسڈی دینے کے لئے پنجاب حکومت اپنا ڈیبٹ کارڈ کا اجرا کرے گی۔

لاہور میں وزیر اعلی پنجاب کی زیر صدارت صوبے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کے لئے کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا رانا مشہود احمد خان، بلال یاسین ، حمیدہ وحید الدین ، عبد الوحید چودھری ، اراکین اسمبلی، سیکرٹریز صنعت، خزانہ، خوراک، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سبسڈی کے پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ادارہ جاتی میکنزم کو حتمی شکل دی جائے اور پہلے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد کم وسیلہ خاندانوں کو سبسڈی دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیبٹ کارڈ پانچ برس کے لئے کار آمد ہو گا، جس پر فرد کا نام اور کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کا نمبر کنندہ ہو گا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کم وسیلہ طبقات اور عوام کے لئے دیگر سماجی پروگراموں کے بارے میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی بنانے کی تجویز پر قیام کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔