شہباز شریف سے پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی سے ملاقات

لاہور : وزیراعلی محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جاپان کے سفیر ہروشی انوماٹا(Mr. Hiroshi Inomata) نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے مابین خوشگوار دوستانہ تعلقات ہیںـ ترقی پذیر ممالک کیلئے جاپان کی مختلف شعبوں میں ترقی مثال کی حیثیت رکھتی ہےـ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں فنی علوم سے آراستہ کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہےـ حکومت پنجاب صوبے میں فنی تعلیم کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہےـ وزیر اعلی نے کہا کہ جاپان فنی تعلیم کے شعبے میں پنجاب حکومت سے تعاون کرےـ

ملاقات میں توانائی، فنی تعلیم، سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہواـ جاپان کے سفیر نے کہا کہ لاہور آکر بڑی خوشی ہوئی، صوبے کی ترقی کے لئے وزیر اعلی کی کاوشیں قابل ستائش ہیںـ فنی تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے اقدامات کئے جائیں گےـ