شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے اہم رکن کیخلاف مقدمہ درج

Shehzad Akbar

Shehzad Akbar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے احتساب اور مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی درخواست پر جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

شہزاد اکبرکی جانب سے 20 مئی کو لاہور کے تھانہ ریس کورس میں اندراجِ مقدمے کی درخواست دی گئی تھی جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان پر جھوٹے الزامات لگائے، ان الزامات سے ان کی زندگی کوخطرہ ہوسکتا ہے، نذیرچوہان کی گفتگوکا مطلب کرپشن کے خلاف کام کی حوصلہ شکنی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے۔

ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے خلاف ایف آئی آر پرگرفتاری پیش کروں گا اور ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کراوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہتا تھا کہ شہزاد اکبر پارٹی معاملات خراب کر رہے ہیں۔