سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے: وزیراعظم

 Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کی قرار واقعی سزا یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں سیالکوٹ واقعے پر غور کیا گیا اور اجلاس میں سیالکوٹ سانحہ سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔

3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

سری لنکن ہائی کمشنر موہن وجے وکرما کا کہنا ہے کہ پریانتھا کمارا کے قتل کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات سے خوش ہیں اور یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

پولیس نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کے الزام میں مزید 7 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والوں میں سکندر، راشد، احمد شہزاد، زوہیب، محمد ارشاد، سبحان اور عمیر علی شامل ہیں، ساتوں ملزمان کو سی سی ٹی وی اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔