سبی دھماکے کا مقصد فوج کیخلاف سازشوں سے توجہ ہٹانا ہے : اے پی ایم ایل

کراچی: سبی اسٹیشن پر ٹرین میں ہونے والے دھماکے کی مذمت اور ہلاک شدگان کی مغفرت و زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے سینئر رہنما شاہد قریشی ‘ جنرل سیکریٹری مسلم بھٹو ‘ سید وصی الدین اورانفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سیدنے کہا ہے کہ اس دھماکے کا مقصد سیاستدانوں کی فوج کیخلاف کی جانے والی سازشوں سے فوج او ر عوام کی توجہ ہٹانا ہے کیونکہ جمہوریت کی آڑ میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے مخصوص سیاستدانوں کی جانب سے مشرف پر مقدمہ غداری پراصراراور فوج پر مسلسل تنقید کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا اور فوج کو عوام دشمن ادارہ ثابت کرکے اسے سیاستدانوں و حکمرانوں کا تابع بنانا ہے جس طرح موجودہ حکمرانوں کے سابقہ دور میں فوج کیخلاف سازش کی گئی مگرافواج پاکستان کے نظم و اتحاد نے اس سازش کو ناکام بنایا جسے بنیاد بناکر سابق آرمی چیف کو غدار قرار دلانے کی سازش کی جارہی ہے۔

تاکہ آئندہ فوج سیاستدانوں کے مفاد پرستانہ اقدامات کیخلاف کسی بھی قسم کے رد عمل سے خوفزدہ رہے ۔طاہر حسین نے کہا کہ حکمران ‘ سیاستدان اور منصفین مل کر جمہوریت و آئین کے نام پر مشرف کو غدار قرار دیکرفوج اور آرمی چیف کو خوفزدہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ کور کمانڈرزسمیت فوج میں تمام تقرریوں اور ترقیوں کے اختیارات وزیراعظم کو منتقل کئے جاسکیں اور فوج ان ملک و قوم دشمن اقدامات کے خلاف کسی بھی قسم کے اقدامات سے باز رہے کیونکہ فوج کی خود مختاری نہ انصاف ‘ انتظام ‘ سیاست اور مذہب کے شعبوں میں بیٹھے استحصالیوں سے براشت نہیں ہورہی ہے کیونکہ فوج کی خود مختاری ہی ان کے مفادپرستانہ و منافقانہ مفادات کی راہ کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔