سندھ میں بجلی چور کا فیڈر بند کر دیں, ٹرانسفارمر نہ اتاریں: خورشید شاہ

 Khurshid Shah

Khurshid Shah

اسلام آباد (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملاقات کی جس میں توانائی بحران اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر بھی موجود تھے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہی بالا دست ادارہ ہے کسی ایسے اقدام کی حمایت نہیں کی جا سکتی جس سے پارلیمنٹ اور منتخب نمائندوں کا وقار مجروح ہو۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے تسلسل کیلئے اپوزیشن کا کردار قابل تحسین ہے حکومت کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گی جو جمہوریت اور آئینی اداروں کا وقار کم کرنے کا سبب بنے۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں سندھ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ سندھ میں جو بھی بجلی چوری کرتا ہے اس کا فیڈر بند کر دیں لیکن ٹرانسفارمر اتارنا درست اقدام نہیں۔ حکومت عوام کے مسائل میں اضافے کی بجائے ان میں کمی کرے۔

انہوں نے بقایا جات کے مسئلے پر سندھ حکومت سے بات کرنے کا یقین دلایا جس پر وزیر پانی و بجلی نے بھی مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔