سندھ بھر میں یوم آزادی کے موقع پر ڈبل سواری پر پابندی

Double Ride

Double Ride

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) یوم آزادی کے موقع پر تخریب کاری کے خدشے کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں 13 اور 14 اگست کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ رینجرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں کو دشمن ایجنسیز یا تخریب کار عناصر کی جانب سے ٹارگٹ کیا جا سکتا ہے اس لیے انہوں نے صوبے میں ڈبل سواری پر پابندی کی درخواست کی ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق خواتین، بزرگ شہری، صحافی، معذور افراد، 12 سال سے کم عمر بچے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، نجی سکیورٹی گارڈز اور ضروری سروس ملازمین ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

جاری اعلامیے میں ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ ایس ایچ او کو دفعہ 144 کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔