سندھ میں امن و امان کی صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی، قائم علی شاہ

Qaim Ali Shah

Qaim Ali Shah

خیر پور (جیوڈیسک) وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں صورتحال جلد بہتر ہو جائے گی، انھوں نے یہ بات سرکٹ ہاوس خیرپور میں معزیزین شہر پارٹی کارکنوں اور دیگر وفود کے ساتھ بات چیت میں کہی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے پولیس کو جدید اسلحہ اور مطلوبہ سہولیات دے رہے ہیں امن و امان کا قیام سندھ حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بے روزگاری ختم کرنے کے جامع منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں 14 نئے بڑے اسپتال قائم کئے جارہے ہیں۔ جس سے عوام کو علاج کی بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ان کی حکومت نے صوبے میں تعلیم کو سستا اور عام کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ خیرپور میں شہید ذوالفقار علی بھٹو مہران انجینئرنگ کیمپس قائم کیا ہے اس کیمپس سے اندرون سندھ کے طلبہ کو تعلیم کی بہتر سہولت مہیا کی جائے گی۔