سندھ میں گندم 1240 روپے من فروخت ہونے لگی

Wheat

Wheat

لاہور: (جیوڈیسک) سندھ میں 1200 روپے من والی گندم 1240 روپے میں فروخت ہونے لگی، سندھ فوڈ ڈیپارٹمنٹ اپنا خریداری ہدف پورا نہ کرسکا۔

پنجاب کے جنوبی اضلاع میں 90 فیصد، وسطی اضلاع میں 75 فیصد اور شمالی اضلاع میں70 فیصد گندم کسانوں نے فروخت کر دی۔ محکمہ خوراک پنجاب 40 لاکھ ٹن اور پاسکو 20 لاکھ ٹن کا خریداری ہدف پورا نہیں کر پائے گا۔

یہ باتیں ڈاکٹر ابراہیم مغل چیئرمین ایگری فورم نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب محکمہ خوراک اور پاسکو اگر گندم خریداری جاری رکھتے ہیں تو اس کا کا فائدہ کسان کو15 فیصد اور مڈل مین کو 85 فیصد ہوگا کیونکہ مڈل مین نے کسانوں سے گندم خرید کر سٹور کرلی ہے۔

ڈاکٹر ابراہیم مغل نے مزید کہا کہ ڈر ہے کہ جون میں پنجاب میں گندم 1250 روپے من بکے گی کیونکہ محکمہ زراعت پنجاب کے گندم کے پیداواری اعدادوشمار غلط ثابت ہو رہے ہیں۔

پنجاب میں گندم 1 کروڑ 86 لاکھ ٹن کی بجائے صرف 1کروڑ 75 لاکھ ٹن ہوئی ہے ۔انہوں نے آخر میں یہ بھی کہا کہ نگران حکومت گندم خریداری میں بری طرح ناکام رہی ہے جس کا خمیازہ آنے والی حکومت کو بھگتنا پڑے گا اور ملک میں آٹا 45روپے کلو بھی ہو سکتا ہے۔