سکھر حملہ : ہلاک دہشتگرد کی جیب سے جعلی کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ برآمد

Sukkur Attack

Sukkur Attack

سکھر (جیوڈیسک) سکھر میں آئی ایس آئی دفتر پر حملے میں ہلاک دہشت گرد کی جیب سے ایک شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے، جس پر کراچی کا پتہ درج ہے، تاہم انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارڈ جعلی ہے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق، 24 جولائی کی شام بیراج کالونی سکھر میں واقع آئی ایس آئی کے دفتر پر حملے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی جیب سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ملا ہے۔ جس میں دہشت گرد کا نام شکیل احمد اور پتہ گلشن اقبال کراچی کا درج ہے۔

دہشت گردی کے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے والی ٹیم نے شناختی کارڈ کی جانچ پڑتال کی تووہ جعلی ثابت ہوا۔ جائے وقوع سے جمع کیے جانے دہشت گردوں کے جسم کے حصوں کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے اسلام آباد روانہ کرد یئے گئے ہیں جس کے بعد یہ واضح ہوسکے گا کہ حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا تعلق کہاں سے ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کا دائرہ کئی شہروں تک پھیلا دیا گیا ہے۔