ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

Chaudhry Aslam

Chaudhry Aslam

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ایس ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم دو ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے تھے، ان کی نماز جنازہ آج گارڈن ہیڈکوارٹر میں ادا کی جائے گی، تدفین گزری قبرستان میں ہو گی۔

شہر قائد ایک نڈر بے باک مخلص اور باہمت پولیس افسر سے محروم ہو گیا،کئی قاتلانہ حملوں کے بعد سی آئی ڈی کے ایس ایس پی چودھری اسلم دو اہلکاروں سمیت شہید ہو گئے۔

انہیں دفتر جاتے ہوئے لیاری ایکسپریس وے پر عیسیٰ نگری کے انٹری پوائنٹ پر بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا، دھماکے کی جگہ سے دستانے پہنے دو ہاتھ بھی ملے ہیں، پولیس کے مطابق ملنے والے ہاتھ خود کش حملہ آور کے ہو سکتے ہیں۔

حملے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں، چودھری اسلم کی نماز جنازہ آج گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین گزری قبرستان میں ہو گی۔ تفتیشی حکام کے مطابق چودھری اسلم جس گاڑی میں سوار تھے، وہ ایک روز پہلے ورکشاپ سے آئی تھی۔

دھماکے میں گاڑی کا فرش نیچے کی جانب پھٹا جس کے بعد ان کی گاڑی میں بم نصب ہونے کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دھماکے کی تحقیقات کے لئے تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں،تینوں ٹیموں نے دھماکے کی نوعیت مختلف بتائی ہے۔ دوسری جانب پولیس نے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج دھماکے کے ایک زخمی کو مشکوک قرار دے کر حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس نے مشکوک شخص کے فنگر پرنٹس نادرا سے تصدیق کے لیے بجھوا دئیے ہیں، کالعدم تحریک طالبان مہمند ایجنسی نے کراچی میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی۔

سندھ حکومت نے چودھری اسلم کے ورثاء کیلئے دو کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ دھماکے میں شہید ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کے ورثاء کو بھی بیس، بیس لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔