14 سال کی عمر میں معمولی اسٹیج اداکار سے کامیڈی کنگ بننے تک کا سفر

 Umar Sharif

Umar Sharif

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کامیڈی کے بے تاج بادشاہ، اسٹیج کے راج کمار، اپنے فن سے روتوں کو ہنسانے اور قہقہے لگانے پر مجبور کرنے والے باکمال فنکار عمر شریف مداحوں کو اداس کر کے جہان فانی سے کوچ کر گئے۔

کامیڈی کے سپراسٹار عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے۔

عمر شریف نے 14 سال کی عمر سے اسٹیج پر اداکاری شروع کی اور دیکھتے ہی دیکھتے کامیڈی کی دنیا کے کنگ بن گئے۔

عمر شریف نے کامیڈی کا جو منفرد انداز متعارف کرایا اُس میں عوامی لہجہ، چوٹی کے اداکاروں کی نقل، طنز و مزاح سے بھرپور چٹکلے اور جگت بازی سمیت وہ سب کچھ تھا جس کا نظارہ کرتے ہی شائقین ہنستے ہنستے لوٹ پوٹ ہو جاتے۔

کامیڈین عمر شریف تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں کے بے تاج بادشاہ تھے، انہوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا لیکن ان کی مقبولیت کی بڑی وجہ مزاحیہ اسٹیج ڈرامے ہیں۔

عمرشریف صرف پاکستان ہی میں مقبول نہیں بلکہ ہندوستان سمیت جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں ان کے مداح موجود ہیں۔

کامیڈین عمر شریف نے میزبانی کے میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔

جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہونے والا ’داشریف شو‘ ٹی وی کی تاریخ کا مقبول پروگرام ثابت ہوا۔

دوسری جانب ’بکراقسطوں پے‘ اور ’بڈھا گھرپہ ہے‘ جیسے لازوال اسٹیج ڈراموں کو ان کے مداح آج بھی دیکھتے اور لطف اٹھاتے ہیں۔

عمر شریف کی خدمات کے عوض انہیں نگار ایوارڈ، تمغہ امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔

سوشل میڈیا نے اسٹیج ڈراموں کی مقبولیت تو کم کی ہے لیکن عمر شریف کامیڈی کاوہ سورج ہیں جو ہمیشہ اُسی آب و تاب سے جگمگاتے رہیں گے۔