فیصل آباد : انجمن تاجران فیصل آباد فیڈریشن کے صدر رانا تجمل وحید نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں پر کسی بھی قسم کا الزام فیڈریشن کو کمزور کرنے کے مترادف ہے تاہم اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ بہت بڑی بدقسمتی ہو گی، جے آئی ٹی نے 6 اداروں پر ریکارڈ میں ردو بدل کا الزام لگا یا جوکہ انتہائی خطرناک الزام ہے، جوائنٹ انوسٹی گیٹس ٹیم سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ ہے یہ کسی صوبے کے وزیر اعلیٰ یا ملک کے وزیر اعظم نے نہیں بنائی اس لئے اسکے اختیارات بھی عدالتی سطح کے ہیں لہذا اسکے ساتھ تعاون تمام اداروں پر فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی خوش آئند ہے کیونکہ ان پر جوالزامات لگے ،وہ انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں کیاہی بہتر ہوتا کہ وہ ایک وزیر اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ عام شہری کی حیثیت سے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوتے تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوجاتے، یہ کس قدرعجیب بات ہے کہ ملک کا وزیر اعظم اپنے ہی ماتحت افسران کے سامنے پیش ہورہا ہے یہ بات گلے سے اترتی نہیں ہے شاید شریف برادران نے یہاں بھی کوئی بہتری سمجھی ہو جو وہ پیش ہورہے ہیں۔
رانا تجمل وحید نے مزید کہا کہ اگر جے آئی ٹی نے نواز شریف اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو کلین چٹ دیدی تو پھر عمران کی طرف سے لگائے گئے الزامات کا کیا بنے گا؟ کیاماضی کی طرح یہ الزامات بھی سیاسی شعبہ بازی ثابت ہوکہ قصہ پارینہ بن جائیں گے اگر ایسا ہی ہوا تو عوام کا پاکستانی سیاست پرسے اعتماد اٹھ جائے گا،امید ہے جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انصاف کے تما م تقاضے پورے کریگی ،سچ اور جھوٹ کو الگ الگ کرکے سیاستدانوں کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے لے آئے گی۔