ملک کی سیاسی قیادت کی لاہور دھماکے کی پر زور مذمت

Lahore Blast

Lahore Blast

ملک کی سیاسی قیادت نے لاہور دھماکے کی پرو زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام سیاسی رہنماں نے لاہور دھماکے کو ناقابل قبول قرار دے دیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورہ چین کے دوران جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے جامع پالیسی بنائی جائے گی۔

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے بھی دھماکے کی مذمت کی ہے۔ اے این پی کے رہنما اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متفقہ حکمت عملی اپنانا ہو گی۔ پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وٹو نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہورمیں دہشت گردی نے پورے پنجاب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے دھماکے کی مزمت کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کا دل لاہور بھی دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہے۔ تو کسی اور شہر میں حالات بہتر ہونے کی کیا امید کی جاسکتی ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ کہتے ہیں کہ دھماکاکرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے لاہور میں دھماکے کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی بلوچستان عبدالمالک بلوچ، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ اور دیگر سیاسی رہنماں نے کہا ہے کہ پاکستان کے دل لاہور پر حملہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ قوم کو اس لعنت سے نجات دلانے کے لئے تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں۔