ٹھوکر سے واہگہ بارڈر تک ریپڈ بس کے منصوبے پر دستخط

Rapid Bus

Rapid Bus

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے درمیان لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ اور واہگہ بارڈر تک ریپڈ بس سروس کے منصوبوں کے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہو گئے ہیں۔ پنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی نورینکو انٹرنیشنل کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوئی۔

پنجاب حکومت کی طرف سے چئیرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ سہیل احمد جبکہ نورینکو انٹرنیشنل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے صدر ہیو فارونگ نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔

چیئرمین پی اینڈ ڈی سہیل احمد کے مطابق چین کے ساتھ شروع کیے جانے والے منصوبوں میں لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ اور واہگہ بارڈر تک ریپڈ بس سروس، سولر انرجی پراجیکٹس، انڈر گرانڈ ٹرین اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے کئی منصوبے شامل ہیں۔ اس طرح کے منصوبے لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی شروع کیے جائیں گے۔