سیدہ کائنات حضرت فاطمتہ الزہراہ حضور نبی کریم کی جان ہیں: صوفی مسعو داحمد صدیقی

Masood Ahmed Siddiqui

Masood Ahmed Siddiqui

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور لاثانی ویلفیئرفاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیئرمین عاشق رسول ؐ، قائد روحانی انقلاب صوفی مسعوداحمد صدیقی المعروف لاثانی سرکار نے کہاہے کہ سیدہ کائنات حضرت سیدہ فاطمتہ الزہراہ ؓ خاتم النبین حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہیں، آپ ؓ تمام خواتین جنت کی سردار ہیں اور آپ ؓ کی روشن تعلیمات پوری امت مسلمہ کی خواتین کیلئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے زیر اہتمام ”سیدہ کائنات ؓ کانفرنس“کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایابے شک فاطمہؓ میری جان کا حصہ ہے، اسے تکلیف دینے والی چیز مجھے تکلیف دیتی ہے اور اسے مشقت میں ڈالنے والا مجھے مشقت میں ڈالتا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے مرکزی رہنما اور پاکستان مسلم الائنس کے صوبائی صدر صاحبزادہ پیر شبیر احمد صدیقی نے کہاکہ آپؓ کے دونوں شہزادے سیدنا امام حسن ؓ اور سیدناامام حسین ؓ جنت کے جوانوں کے سردار ہیں، سیدہ کائنات ؓکے حسب و نسب پر آج بھی ساری دنیا رشک کرتی ہے۔پیر الطاف حسین نقشبندی نے کہاکہ خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہراہ ؓ بافضیلت خاتون ہیں جن کی سیرت پوری بشریت کے لیے ایک بہترین نمونہ عمل ہے۔ آپؓ نے رہتی دنیا تک کی خواتین کو یہ درس دیا کہ کس طرح عبادت الٰہی بجا لانا ہے، کیسے والد کے گھر میں زندگی گزارنا ہے، امور شوہر داری کو کیسے بطریق احسن نبھانا ہے، بچوں کی تربیت کس پیرائے میں انجام دینا ہے، کیسے مشکلات سے نمٹنا ہے، کیسے غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور بے نواؤں کی مدد کرنا ہے۔ آپؓ تمام اوصاف حمیدہ سے آراستہ پیراستہ ہونے کے علاوہ تمام آلائشوں سے پاک و پاکیزہ عصمت کے مقام پر فائز ہیں۔ کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ جبکہ اختتام پر حضور نبی کریم ؐ کی بارگاہ اقدس میں درودوسلام کے نذرانے اور ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔