سندھ میں ہونے والی کرپشن بلاول زرداری کو نظر نہیں آتی، حنید لاکھانی

PTI Karachi

PTI Karachi

کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی نے بلدیاتی حکومتوں کو مفلوج کر رکھا ہے، اختیارات صوبائی حکومت تک محدود ہو چکے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کو معلوم ہی نہیں ہے کہ موجودہ حالات میں غریب آدمی پر کیا گزر رہی ہے ، سندھ میں ہونے والی کرپشن بلاول زرداری کو نظر نہیں آتی، ان کی بچکانہ سیاست نے ان جیالوں کو بھی شرمند ہ کیا ہوا ہے جو محترمہ شہید کے مشن کو لیکر آگے بڑھنا چاہتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے کہاں خرچ کیے جارہے ہیں کسی کو پتہ نہیں ہے، صوبہ سندھ میں اسکولوں اور ہسپتالوں کی ذمہ دار بھی سندھ حکومت ہے پورے صوبے میں نہ تو کوئی تعلیم کا نظام ہے اور نہ ہی صحت کی سہولیات ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری اسکولوں کا حال دیکھیں تو ایسا لگتا ہے کئی صدیوں سے وہاں کوئی آیا ہی نہیں بلڈنگز کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہوتی ہیں اور حکومت سندھ بجٹ کھا جاتی ہے۔

اربوں روپے ایسے اسکولوں کی مد میں ہڑپ کر لیئے جاتے ہیں جن کاسرے سے کوئی وجود ہی نہیں ہے یا پھر صرف برائے نام بلڈنگ ہی ہو گی جس میں علاقے کے با اثر لوگوں کے جانور بندھے ہوئے ہوں گے یا پھران کے ملازم چارپائیاں ڈال کر سورہے ہوں گے، انہوں نے کہا اس دور جدید میں جب انسان چاند سے بھی آگے جانے کی سوچ رہا ہے ہمارے سندھ میں صحت کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں ، سندھ میں ہسپتالوں میں بخار، کھانسی اور زکام وغیر ہ کی بھی کوئی دوا نہیں ملتی ، سرکاری ہسپتالوں کی جو صورتحال ہے اس صرف پناہ مانگی جاسکتی ہے، لوگ بھوک و افلاس سے مر رہے ہیں ، سندھ حکومت صرف اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے ، صوبہ سندھ کے شہروں میں کوئی بھی ایسا ترقیاتی منصوبہ نہیں ہے جو شفاف ہے اور جس میں سندھ حکومت کے وزیروں نے کرپشن نہ کی ہو، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی عوام کو اگر صوبے میں بہتری اور ترقی چاہئے تو پیپلز پارٹی سے نجات حاصل کرنا ہوگی ورنہ سندھ کی عوام پر یہ چند مخصوص خاندان اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیئے ملکر حکومت کرتے رہیں گے اور سندھ دن بدن پیچھے جاتا رہے گا۔