سنی تحریک کا محرم الحرام کو ملک گیر ماہ امن کے طور پر منانے کا اعلان

Sunni Tehreek

Sunni Tehreek

اسلام آباد : سنی تحریک نے ماہِ محرم الحرام کو ملک گیر ماہِ امن کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ یکم محرم کو خلیفہ دوئم سیدنا حضرت عمر فاروق کے یوم شہادت کو ”یوم عدل” جبکہ دس محرم کو نواسۂ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سیدنا حضرت امام حسین کے یوم شہادت کو ”یوم پیغام حسین” کے طورپر منایا جائے گا۔سیدنا حضرت عمر فاروق اور سیدنا حضرت امام حسین کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

پاکستان سُنی تحریک کی مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاکستان سُنی تحریک محمدثروت اعجازقادری نے کہاکہ امن دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ملک میں مکمل مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنا ہو گی۔ملک سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے ”پیغام امن” کانفرنسیں اورریلیاں منعقدکریں گے۔ علماء و مشائخ محرم کے دوران قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ منبر و محراب سے قوم کو امن و یکجہتی کا پیغام دیا جائے۔ملک بھر کے تمام مذہبی راہنما مسلکی اختلافات کو تصادم میں بدلنے کی عالمی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ثروت اعجازقادری نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے دو دن قبل کوئٹہ میں دہشتگردی کے افسوسناک واقعات نے محرم الحرام میں فول پروف سکیورٹی کے تمام حکومتی دعووؤں کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔

حالیہ دہشتگردی کے واقعات نے ثابت کردیا کہ ریاستی ادارے عوام کی جان ومال کی حفاظت میں ایک بار پھر ناکام ہوگئے ہیں۔ جب ریاستی ادارے خاموش تماشائی بن جائیں اور صوبائی حکومتیں کالعدم تنظیموں کو کھلی چھٹی دیدیں تو اس طرح کے واقعات ہونا ناممکن نہیں ہوتا۔حکومت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ۔سُنی تحریک کے کارکنان ملک میں قیام امن کیلئے حکومت اورانتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں گے۔