سپریم کورٹ میں یقین دہانی کے باوجود چیئرمین پی آئی اے عہدے پر برقرار

Supreme Court

Supreme Court

کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ میں یقین دہانی کے باوجود قائم مقام چیئرمین پی ائی اے اسلم خالق کو عہدے سے نہیں ہٹایا گیا، اسلم خالق چیئرمین پی آئی اے کی حیثیت سے کام جا ری رکھے ہو ئے ہیں۔ قائم مقام چیئرمین اسلم خالق آج صبح پی آئی اے ہیڈ آفس پہنچے اور اپنا آفس سنبھال لیا۔

اسلم خالق چیئر مین پی آئی اے کی حیثیت سے نہ صرف ایئرلائن کے معاملات پر بریفنگ لے رہے ہیں بلکہ اہم نوعیت کے احکامات بھی جاری کررہے ہیں۔ اس سے پہلے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن جنید یونس بھی قائم مقام چیئرمین کے نام سے ہدایات جاری کرتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 18 جولائی کو سپریم کورٹ میں پی آئی اے میں بے ضابطگیوں کے بارے میں سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل شاہ خاور نے کہا تھا کہ عدالت قائم مقام چیئرمین پی آئی اے اسلم خالق کی تقرری کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار نہ دے، حکومت خود یہ نوٹیفکیشن واپس لے لے گی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے ریمارکس دیئے تھے کہ پی آئی اے ایکٹ کے مطابق قائم مقام چیئرمین کا تقرر نہیں ہوسکتا۔ ادھر پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ قائم مقام چیئرمین اسلم خالق کو ہٹائے جانے کے بارے میں کوئی نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، ترجمان نے تصدیق کی کہ اسلم خالق قائم مقام چیئرمین پی آئی اے کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔