سپریم کورٹ کے حکم پر چودہ لاپتہ افراد کو عدالت پہنچا دیا گیا

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم پر چودہ لاپتہ افراد کو عدالت پہنچا دیا گیا، جسٹس امیر ہانی مسلم کے روبرو کمرہ عدالت نمبر چھ میں پیش کر دیئے گئے۔

سپریم کورٹ کے باہر سیکورٹی صبح سے ہی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے پر بیرئیر ہٹا دیا گیا جس کے بعد دو گاڑیوں میں چودہ لاپتہ افراد کو احاطہ عدالت میں پہنچایا گیا۔

عدالت لائے گئے تمام افراد کے چہروں پر کپڑا ڈالا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز لاپتہ افراد کو جسٹس امیر ہانی مسلم کے چیمبر میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا تاہم چیمبر میں کم جگہ ہونے کے باعث لاپتہ افراد کیس کی سماعت کا مقام تبدیل کر دیا گیا۔

تمام لاپتہ افراد کو جسٹس امیر ہانی مسلم کے روبرو کمرہ عدالت نمبر چھ میں پیش کیا گیا۔ قائم مقام سیکرٹری دفاع عارف نذیر، اٹارنی جنرل منیر اے ملک اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم کے مطابق لاپتہ افراد کے لواحقین اور مالاکنڈ جیل کے سپرنٹنڈنگ کمرہ عدالت میں موجود نہیں۔