تحریک تحفظ پاکستان اورجماعت اسلامی ،کا انتخابی اتحاد کا اعلان

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی اور معروف ایٹمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر کی جماعت تحریک تحفظ پاکستان نے ملک میں تبدیلی کیلئے مل کر سیاسی جدوجہد کرنے کا اعلان کیا ہے،جبکہ امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے دونوں جماعتیں مشترکہ امیدوار کو سامنے لائیں گی،قوم کو عبدالقدیر خان جیسے لیڈروں کی ضرورت ہے،پاکستان کا اصل مسئلہ ملکی معاملات میں امریکی مداخلت ہے،ڈاکٹر قدیر خان نے کہا ہے کہ جس ملک کا دفاع مضبوط بنایا وہ آج تباہی کے دہانے پر ہے،پاکستان کے عوام کرپٹ اور نیب زدہ حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے منگل کے روز امیر جماعت اسلامی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جس میں دونوں جماعتوں کے عہدیداروں اورکارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ ہم اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان ملک بچانے نکلے ہیں اور ملکرجدوجہد کریں گے،انہوں نے کہا کہ اب عوام صاف قیادت کا ساتھ دیں گے،ووٹ کے ذریعے تبدیلی آئے گی،ڈاکٹر قدیر جیسے رہنما نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کریں گے۔

اس موقع پر انتخابی شیڈول کے جلد اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا التواء قابل قبول نہیں ہوگا،منور حسن نے مزید کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیاں اور ووٹر لسٹوں کی تصدیق سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق دوبارہ ہونی چاہئے،اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر نے ڈاکٹر قدیر کی جماعت تحریک تحفظ پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ساتھ انتخابی اتحاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لائیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ ملک میں امریکہ کی مداخلت ہے۔

منور حسن نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف نام نہاد جنگ میں پاکستان کو دھکیلا گیا،یہ جنگ کبھی بھی ہماری نہ تھی،انہوں نے کہا کہ افغانوں نے امریکہ کو عبرتناک شکست دی ہے،اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ مجھے روٹی اور کپڑے کا مسئلہ نہیں ہے،اللہ نے جتنی عزت ،نیک نامی،بدنامی اور دولت دینی تھی وہ دے دی،اب صرف ملک اور عوام کے لئے میدان میں آیا ہوں،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اچھی جماعت ہے اور اسکی قیادت صاف ہے،ڈاکٹر قدیر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آکر بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے،انہوں نے کہا کہ جس ملک کا دفاع میں نے مضبوط بنایا آج وہی ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے،انہوں نے کہا کہ ملک چند لوگوں نے ہائی جیک کرلیا ہے،جسے چھڑانے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ْآباد ہوتے دیکھا تھا اب برباد ہوتے نہیں دیکھ سکتا اس لئے کردار ادا کرنے کا فیصہ کیا،میرے بارے میں کیا کیا قصے کہانیاں گھڑی گئیں مگر میں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اور پوری قوم یہ بات پوری طرح جانتی ہے اور کوئی اسے گمراہ نہیں کر سکتا۔