شام دنیا کا سب سے زیادہ بے امنی کا شکار ملک

Syria

Syria

سڈنی (جیوڈیسک) ایک عالمی ادارے کی رپورٹ میں شام کو دنیا کا سب سے زیادہ بے امنی کا شکار ملک قرار دیا گیا ہے، جبکہ بے امنی کے اعتبار سے دنیا بھر میں پاکستان نویں نمبر پر ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ اکنامکس نے امن وامان کے اعتبار سے دنیا کے 162 ملکوں کی نئی فہرست جاری کی ہے، جس کے مطابق شدید خانہ جنگی کا شکار شام اس وقت بے امنی کے لحاظ سے دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے، بے امنی کے واقعات میں افغانستان کا دوسرا، جنوبی سوڈان کا تیسرا جبکہ عراق کا چوتھا نمبر ہے۔

اس فہرست میں بے امنی کے اعتبار سے پاکستان نویں اور پڑوسی ملک بھارت بیسویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ 47اور امریکا 101 نمبر پر کھڑا ہے، جبکہ آئس لینڈ، ڈنمارک، کینیڈا اور آسٹریلیا دنیا کے پرامن ملک قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک اس وقت دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں جس سے پر امن ترقی یافتہ ممالک میں بھی معاشی ترقی متاثر ہورہی ہے۔ رپورٹ میں ان ملکوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں آئندہ دو سال میں دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے۔