شامی صدر بشارالاسد اور ان کی اہلیہ اسماء کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت

 Bashar al-Assad

Bashar al-Assad

شام (اصل میڈیا ڈیسک) شامی صدر بشارالاسد اور ان کی اہلیہ اسماء دونوں کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور ان کا کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

شامی صدر کے دفتر نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں میں کرونا وائرس کی معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور ان کی مجموعی صحت بہتر ہے۔

بیان کے مطابق شامی صدر اور ان کی اہلیہ اب گھر میں تنہائی میں رہیں گے اور وہیں سے اپنے امور نمٹائیں گے۔اسماء الاسد 2019ء میں چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی تھیں مگر اب وہ صحت مند ہیں۔

شام میں وسط فروری کے بعد کروناوائرس کے کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔شامی وزارتِ صحت نے ایک ہفتہ قبل کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذِاوّل پرکام کرنے والے ورکروں کو ویکسین لگانے کا آغاز کیا تھا مگر اس کے باوجود ملک میں کیسوں میں اضافہ جاری ہے۔