سزاں پر عمل درآمد نہ ہونے سے نتائج نہیں آرہے ، جسٹس مشیر عالم

Justice Mushir Alam

Justice Mushir Alam

کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہنا ہے کہ حکومت بیرونی دباو پر سزائے موت اور دیگر سزاوں پر عملدر آمد نہیں کراتی جسکی وجہ سے نتائج سامنے نہیں آتے۔کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کے دورے کے موقع پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ عدالتوں کی جانب سے دی گئی سزائیں مثبت پیغام اسی وقت دیں گی جب ان پر عمل در آمد ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماتحت عدلیہ میں ججوں کی ضرورت ہے حکومت نوٹیفیکیشن جاری نہیں کررہی، حکومت کا یہ رویہ عدالتوں کو بد نام کرنے کے مترادف ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ وہ سیشن ججز کی انسداد دہشت گردی کے کیسز پر کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججزنے انسداد دہشت گردی کے پچاس فیصد مقدمات نمٹا دیئے ہیں، سندھ میں انسداد دہشت گردی کی چودہ عدالتوں نے پچھلے ماہ اکتیس مقدمات نمٹائے ہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے نئی جگہ منتقل ہونے والی انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعمیر اور مرمت کے کام کا جائزہ بھی لیا۔