طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کی نادرن ائیرکمانڈ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاک فضائیہ کی نادرن ائیرکمانڈ کے ایک آپریشنل بیس کا دورہ کیا۔ان کی بیس آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ دورے کا مقصد بیس پر موجود پاک فضائیہ کے آپریشنل اثاثہ جات اور مختلف تنصیبات کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔ پاک فضائیہ کے سر براہ ائیر مینوں سے ملے اور ان کی تن دہی اور دی گئی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کے جذبے کو سراہا۔

انہوں نے اس بات کا اعا دہ کیا کہ اس پیشہ وارانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری رہنی چاہئیں تاکہ پاک فضائیہ کو ہر قسم کے حالات سے نبرد آزما ہو نے کے لئے تیار رکھا جا سکے۔ ائیر چیف اس بات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ جو لوگ اپنی مادرِوطن کی عظمت کے لئے مخلصانہ کو ششیں کرتے ہیں اللہ تعالٰی انہیں دونوں جہانوں میں اس کا بہترین اجر دیتا ہے۔