طاہر القادری، شیخ رشید اور چوہدری برادران عمران خان کو بے وقوف بنا رہے ہیں، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہرالقادری، شیخ رشید اور چوہدری برادراپنے مفاد کے لئے عمران خان کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پوری پریس کانفرنس میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ایک لفظ تک نہیں بولا جبکہ عمران خان کو طاہرالقادری، شیخ رشید اور چوہدری برادران اپنے مفاد کے لئے بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چند سازشی خیرخواہ اور دوست سیاسی یتیم بنانے کے درپے ہیں تاہم وہ ہم پر تنقید ضرور کریں مگر جھوٹ بول کر اپنا قد مزید کم نہ کریں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی،اسلام آباد میں میٹرو بس پر اخراجات 44 ارب اور پشاور میں 52 ارب تھے اس لیے اس کو بڑھ چڑھ کر بتانا کسی صورت درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں عمران خان ڈالر کے مقابلے میں روپے کے استحکام پر کیوں ناخوش ہیں جبکہ لگتا ہے کہ عمران خان تھری اور فورجی سے ایک ارب ڈالر کی آمدنی پر بھی پریشان ہیں۔