طالبان سے مذاکرات، پارلیمانی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، وزیر اعظم

Prime Minister

Prime Minister

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ طالبان سے مذاکرات پر تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، انہیں یہ احساس رہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں شامل ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اسلام آباد میں ملاقات کی، حکام کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک کی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی اور کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کے نتائج سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے وفاقی وزیر داخلہ سے کہا کہ تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے حکومت کو طالبان سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا ہے، اس لیے ان سب کو طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے تا کہ انہیں یہ احساس رہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں شریک ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ محرم الحرام کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کے لئے وہ صوبوں سے رابطے میں ہیں۔

حکام کے مطابق وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لئے نئے قوانین پر عمل درآمد اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے نئے حربوں سے نمٹنے کے لئے نئے قوانین سے کافی مدد ملے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی سلامتی اور عوام کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے وفاق اور صوبوں کے درمیان رابطے بڑھائے جائیں۔