طالبان سے مذاکرات، وزیر اعظم نے راہ ہموار کرنے کا ٹاسک مولانا سمیع الحق کو دیدیا

Sami ul Haq, Nawaz Sharif

Sami ul Haq, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی ملاقات، وزیراعظم نے مولانا سمیع الحق کو طالبان سے مذاکرات کیلئے راہ ہموار کرنے کا ٹاسک دیدیا۔

وزیر اعظم ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق مولانا سمیع الحق نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں طالبان سے مذاکرات اور آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق امور پر مشاورت اور قومی اہمیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات حکومت کی پہلی ترجیح ہیں۔

مولانا اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے طالبان سے مذاکرات کی راہ ہموار کریں اور انھیں مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کریں۔ مولانا سمیع الحق نے مطالبہ کیا کہ شمالی وزیر ستان میں آپریشن بند کیا جائے اور وہاں پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ طالبان حکومت کی طرف سے پہل کا انتظار کر رہے ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وہ امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔