طالبان کے لئے دفترنہیں بات چیت کیلیے جگہ کے تعین کا کہا ہے، پرویز خٹک

Pervez Khattak

Pervez Khattak

پشاور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ ٰخیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ طالبان کو دفتر کی پیشکش کرنے سے مراد کوئی باقاعدہ دفتر نہیں بلکہ بات چیت کے لئے ایک جگہ کا تعین ہونا چاہیے۔

نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لئے بنائی جانے والی نئی کمیٹی کے حوالے سے انہیں اعتماد میں لیا گیا ہے اور وہ اس پر متفق ہیں۔

کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے اور یقین ہے کہ اب امن کو موقع ملے گا۔ امن و امان کے قیام کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت ایک نکتے پر متفق ہوچکے ہیں۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ طالبان قبائلی علاقے کے ہیں تو وہ قبائلی علاقے میں دفتر بھی کھول سکتے ہیں۔ وفاقی حکومت امن وامان کے قیام کے لئے مثبت راستے پر گامزن ہے۔ اس کوشش میں ہم وفاق کا بھرپور ساتھ دیں گے۔