طالبان سے مذاکرات، حکومتی کمیٹی کی وزیراعظم کو بریفنگ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان سے مذاکرات کے لئے حکومتی کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں طالبان سے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا ہے۔

طالبان سے مذاکرات کے لئے تشکیل دی جانے والی حکومتی کمیٹی نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کمیٹی کے چاروں ارکان میجر ﴿ر﴾ عامر، عرفان صدیقی، رستم شاہ، رحیم اللہ یوسفزئی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کمیٹٰی کے ارکان نے وزیر اعظم کو طالبان سے مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے ملاقات سے قبل حکومتی کمیٹی کے ارکان نے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

ادھر ذرائع کے مطابق طالبان مذاکراتی کمیٹٰی اور حکومتی کمیٹٰی کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں طالبان مذاکراتی کمیٹی نے حکومتی کمیٹی کو طالبان رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ دو روز میں دونوں کمیٹیوں کا باضابطہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مولانا سمیع الحق اور پروفیسر ابراہیم کی مصروفیات کے باعث اجلاس آئندہ دو روز میں ہو گا۔