طالبان کو امریکا کے ساتھ بیٹھنے کیلئے راضی کیا : دفتر خارجہ

Foreign Office

Foreign Office

اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کیا۔ دوحہ مذاکرات میں براہ راست کردار نہیں لیکن ان کی حمایت کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ اعزاز چودھری نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان افغان مفاہمتی عمل میں تعاون جاری رکھے گا۔

امن کے لیے تحریک طالبان سمیت ہر گروہ سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ امریکی نمائندہ خصوصی نے وزیراعظم سے ملاقات میں افغان طالبان سے مذاکرات پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اعزاز چودھری نے کہا کہ چینی سیاحوں کی لاشیں سی 130 کے ذریعے بھجوا دی گئیں۔ وزیر پٹرولیم جام کمال لاشوں کے ساتھ چین گئے ہیں دیگر سیاحوں کی لاشیں بھی آج شام تک بھجوا دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم جولائی کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔