تحصیل بھمبر میں کلری نیابت افتتاح سے قبل ہی متنازعہ بن گئی

Protest

Protest

بھمبر (ڈسٹر کٹ رپورٹر) تحصیل بھمبر میں کلری نیابت افتتاح سے قبل ہی متنازعہ بن گئی، درجنوں دیہات کے سینکڑوں افراد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا،راست اقدام کے لیے متاثرین علاقہ نے یک فروری کو سوکاسن میں احتجاج کے لیے لائحہ عمل کی کال دے دی۔

تفصیلات کے مطابق آج جمعہ کے روز یونین کونسل پنجیڑی کے دیہات سوکاسن ،کوہل ،چہلہ،گڑھا کنجال ،کانگڑہ ،فکروٹ ،چھپراں ،لس ،کھمبی ،علی بیگ ،گورانکہ ،چھنی فتح محمد،مغل گڑھا ،برنا ،سوہلہ ،کموترہ اور مڑیال کے لوگوں پر مشتمل سینکڑوں افراد نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور نئی بننے والی نیابت کلری کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ، پیپلزپا رٹی کے مر کز ی نا ئب صدرڈاکٹر انعام الحق،چوہدری اشتیاق محمود ضلعی صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ،چوہدری طاہر سلیم ،سابق چئیر مین یونین کو نسل چوہدری سلیم پرویز،احسان جمیل کی قیادت میں وفد نے پہلے ڈپٹی کمشنر مرزا ارشد محمود جرال سے ملاقات میں کلری نیابت پر اپنے تحفظات بیان کیے اور کہا کہ جہاں پر نیابت قائم کی جا رہی ہے۔

اس سے لوگوں کو سہولت کی بجائے تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا اس لیے نیابت کے دفاتر مین شاہراہ پر کہیں مناسب جگہ پر بنائیں ،تاکہ غریب لوگ آسانی سے پہنچ سکیں ،وگرنہ ان دیہات کو بھی بھمبر کے ساتھ ہی رکھا جائے جہاں ہر فرد آسانی سے پہنچ سکتا ہے اس نمائندہ وفد نے اے سی بھمبر راجہ طارق محمود سے مذاکرات بھی کیے جن میں چند دیہات کی حد تک بات کو انتظامیہ نے تسلیم کر لیا انہیں بھمبر کے ساتھ ہی شامل رکھا جائے گا۔

تاہم نیابت کے لیے جگہ کی تبدیلی کا معاملہ موخر کرنے کا کہا گیا جس کے بعد ان دیہات سے آئے ہوئے سینکڑوں لوگوں نے باہمی رائے یکم فروری کو سوکاسن کے مقام پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے اجلاس طلب کر لیا ہے۔

اس موقعہ پر ڈاکٹر اختر ،چوہدری لیاقت علی ،صوبیدار محمد بوٹا ،چوہدری محمد عرفان ،مرزا محمد یعقوب ،حاجی محمد اقبال ،حاجی غلام حیدر،چوہدری ذوالفقار علی،چئیرمین اظہر حسین ،وقار احمد ،چوہدری ارشاد محمود اور ڈاکٹر محمد اعظم کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے کلری نیابت کے خلاف احتجاج کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔