دہشت گرد حوصلے پست نہیں کر سکتے، وزیر اعظم، وطن کیلیے ہر قربانی دینگے، آرمی چیف

Raheel Sharif, Nawaz Sharif

Raheel Sharif, Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے حوصلے پست نہی کر سکتے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم متحد ہے اور یہ حملے ہمارا مورال کم نہیں کر سکتے۔

جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہمارے جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور وطن کے دفاع کیلیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نیمنگل کو سی ایم ایچ راولپنڈی کے دورے کے دوران کیا جہاں انھوں نے بنوں اور آر اے بازار کے دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے سی ایم ایچ میں فردا فرداً تمام زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلیے دعا کی۔ نواز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں اور قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کیلیے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کے باوجود فوج کا مورال بلند ہے۔ حملوں میں زخمی ہونے والے جوان مقابلے کیلیے دوبارہ تیار ہیں۔