دہشتگردی کا خطرہ، پنجاب کی سات جیلوں کو بھی حساس قرار دیدیا گیا

The threat of terrorism

The threat of terrorism

لاہور(جیوڈیسک) پنجاب کی سات جیلوں میں قید دو سو سے زائد دہشتگردوں کی سیکورٹی کے لئے رینجرز کو طلب کر لیا گیا۔ صوبے کی بتیس جیلوں میں باسٹھ ہزار قیدیوں کی نگرانی کیلئے پندرہ ہزار اہلکار تعینات ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان جیل پر حملے کے بعد پنجاب کی سات جیلوں کو حساس قرار دیدیا گیا ہے۔ ملتان، کوٹ لکھپت، اڈیالہ، فیصل آباد، ڈی جی خان، گوجرانوالہ اور ساہیوال جیل کی سیکورٹی کیلئے رینجرز کو طلب کیا گیا ہے۔

حکام نے ان جیلوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنی قرار دینے کیلئے واپڈا حکام کو مراسلہ بھی ارسال کیا ہے۔ بائیس ہزار قیدیوں کی گنجائش رکھنے والی صوبے کی بتیس جیلوں میں مجموعی طور پر باسٹھ ہزار مجرم قید ہیں۔

جن کی نگرانی پندرہ ہزار وارڈن کر رہے ہیں۔ جیل وارڈنز جدید تربیت نہ ہونے کے باعث دہشتگردوں کا مقابلہ بھی نہیں کر سکتے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیلوں کی رہائشی علاقوں سے منتقلی سے بھی سیکورٹی مضبوط بنائی جا سکتی ہے۔