دہشتگردوں کی رہائی ملک و قوم کیلئے انتہائی خطرناک اور شہداء کے خون سے غداری ہے۔ حامد رضا

گوجرانوالہ: مرکزی چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے طالبان کی فرمائش پر خطرناک دہشتگردوں کی رہائی ملک و قوم کیلئے انتہائی خطرناک اور شہداء کے خون سے غداری ہے۔ چند جانیں بچانے کی باتیں کرنیوالا وزیرداخلہ چوہدری نثار 60ہزار پاکستانیوں کے قتل کی بات کیوں نہیں کرتا۔ بانی سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم کی پہلی برسی کے موقع پر 20اپریل کو دھوبی گھاٹ فیصل آباد میں تاریخ ساز استحکام پاکستان کانفرنس منعقد ہوگی۔ جس میں آئندہ کیلئے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ سنی اتحاد کونسل بت شکنوں کی وارث ہے۔

ہر باطل قوت سے ٹکرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واپڈا ٹائون میں الحاج سرفراز احمد تارڑ کی اقامت گاہ پر علماء کرام، عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ محمد دائود رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسین صدیقی، مفتی غلام نبی جماعتی، حافظ محمد رفیق قادری بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ محض تحفظات پر اسلامی نظریاتی کونسل کی تحلیل کی قرارداد منظور کرنا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں مزارات کو بربریت کا نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ مسلمان حکمرانوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ مذاکرات مخالفین پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں نظر ڈالیں اور طالبان سے ذاتی روابط اور حکومتی نرم پالیسی کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طالبان مذاکرات اور اس پر عملدرآمد کیلئے عوام، شہیدوں کے لواحقین اور پارلیمنٹ کو بالائے طاق رکھ کر دہشتگروں کو رہا کیا ہے۔ جس سے ہر طبقے میں دہشتگردی کیخلاف حکومتی پالیسیوں پر ہر طبقے کی تشویش ہے۔