قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، بلاول

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (جیو ڈیسک)کراچی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے، الیکشن کمیشن انتخابات میں دھاندلیوں کا نوٹس لے۔ بلاول ہاس کراچی میں سندھ سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے عوام نے بینظیربھٹو سے محبت کا ثبوت دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیلپزپارٹی نے نامساعد حالات میں انتخابات میں حصہ لیا۔

اب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ محاذ آرائی کی سیاست نہیں کریں گے۔ مفاہمت کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔ اس سے قبل صدر زرداری سے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدواروں نے ملاقات کی۔ صدر نے ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے بتایا کہ صدر آصف زرداری نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں جو خرابیاں سامنے آئی تھیں انہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

وہ خود اس چیز کو مانیٹر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ منظور وسان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کرنی ہے، صدر نے کہا ہے کہ ایسی سندھ حکومت چلائیں گے جو دوسرے صوبوں سے بہتر ہوگی۔