تھری جی ٹیکنالوجی سے پاکستان میں ایک نیا دور شروع ہوگا

3G

3G

اسلام آباد (جیوڈیسک) ٹیلی نار گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جون فریڈرک بکساس نے کہا ہے کہ پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی کی آمد ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور پاکستانی عوام کے طرز زندگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

پاکستان کے مختصر دورے کے موقع پر اسلام آباد میں انہوں نے کہا کہ ٹیلی نار نے پاکستان میں اب تک 2.3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور ٹیلی نار پاکستان میں تھری جی ٹیکنالوجی کے لیے تیار ہے تا ہم حکومت کو تھری جی لائسنس کی نیلامی سے سرمائے کی طلب پوری کرنے کی قلیل مدتی ضرورت اور تھری جی کے ذریعے طویل مدتی معاشی اور سماجی فوائد کے درمیان توازن رکھنا ہو گا جس طرح کا توازن 2004 میں 2 G ٹیکنالوجی کے لیے لائسنس کی نیلامیوں کے وقت رکھا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنے مختصر قیام کے دوران ملک کی اعلیٰ شخصیات سے ملاقات میں بھی تھری جی لائسنس کی نیلامی کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ٹیلی نارکی تیاریوں اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دی ہے۔

انہوں ننے بتایا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ مارچ 2014 میں ہونے والی تھری جی اسپیکٹرم لائسنس نیلامی انتہائی شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائیگی۔