ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ

Cold

Cold

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، اسلام آ باد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری ہوگی جس کیساتھ ہی سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

ملک بھر میں سردی نے اپنے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں۔ بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، گلگت بلتستان اور غذر میں ہلکی برفباری جبکہ اپر اور لوئر دیر میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ملکہ کوہسار مری میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری ہو رہی ہے۔

سیالکوٹ میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا سلسلہ برقرار ہے، مظفر گڑھ، گوجرانوالہ اور سرگودھا سمیت کئی شہروں میں دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ سندھ کے شہروں میں بھی سردی بڑھ گئی، دھند نے سکھر کا رخ بھی کر لیا ہے۔

بلوچستان کے بیشتر علاقے بھی سرد ہواوں کی لپیٹ میں ہیں۔ درجہ حرارت کم ہوتے ہی کوئلہ اور جلانے والی لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا۔ خیبر پختونخوا میں سردی بڑھتے ہی شہریوں نے سوپ اور گرم غذاں کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح سب سے کم درجہ حرارت گلگت میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا۔ اسکردو میں 5، راولپنڈی اسلام آباد میں 7، لاہور، پشاور اور سکھر میں 8، ملتان میں 9 جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔