آج کا دن پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین باب میں رقم ہوگا طاہر حسین

کراچی : آج کا دن پاکستا ن کی تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر رقم ہوگا کیونکہ شفاف انتخابات کے نام پر دہشتگردوں کی مدد سے استحصالی طبقات اور عوام و ملک دشمنوں کو ملک و قوم پر مسلط کرنے کی جو سازش کی جارہی ہے اگر وہ کامیاب ہوگی تو ملک تاریخ کے اس بدترین دور میں داخل ہوجائے گا۔

جہاں نہ تو عوام کا مستقبل محفوظ ہوگا اور نہ ہی کسی بھی فرد کے جان و مال یا عزت و آبرو کو تحفظ حاصل ہوگا ملک میں جنگل کا قانون ہوگا اور طاقتور کمزور کا شکار کررہا ہوگا ۔ آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے قائم مقام انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سیدنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کے نام پر آئین کی دفعات 62اور 63پر پورا نہ اترنے والوں کو اہل قرار دیکر ملک و عوام دشمنی کا ثبوت دیا گیا ہے۔

جبکہ محب وطن و عوام دوست اور صادق و امین پرویز مشرف کو جھوٹے مقدمات کے ذریعے نا اہل قرار دیکر انصاف ومساوات کا خون کیا گیا ہے اس لئے عوام یہ سمجھتے ہیں کہ مشرف کے بغیر انتخابات بے معنی اور جھرلو انتخابات کا انعقاد ملک وقوم کا مستقبل تاریک کردے گا اسلئے آج کوئی محب وطن پاکستانی ووٹ نہیں ڈالے اور عوام کی جانب سے انتخابات کے نام پر عوام دشمنوں کو اقتدار میں لانے کی سازش کا بھرپور بائیکاٹ کیا جائے گا۔