سانحہ اسلام آباد: پاکستان بارکونسل کا ملک بھرمیں کل ہڑتال کا اعلان

Islamabad Tragedy

Islamabad Tragedy

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان بار کونسل نے سانحہ اسلام آباد پر کل یوم سیاہ منانے اور ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان بار کانسل کے وائس چیئر مین چودھری رمضان نے اسلام آباد واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آج عدالتی کارروائی معطل کرنے، کل یوم سیاہ منانے اور ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔

چودھری رمضان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کچہری پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، اور دہشت گردوں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔ اسلام آباد واقعے پر سندھ ہائی کورٹ میں بھی وکلا نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کر دیا، جس کے باعث سندھ ہائی کورٹ کے تمام بینچ ڈسچارج کردی گئیں۔

سندھ بار کونسل کی اپیل پر سندھ بھر کی ماتحت عدالتوں میں بھی بائیکاٹ کر دیا گیا۔ پنجاب میں بھی لاہور ڈسٹرکٹ بار میں عدالتی کام روک دیا گیا۔ صدر ڈسٹرکٹ بارچودھری اشتیاق نے یوم سیاہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کااعلان کرے۔