سانحہ ماڈل ٹاؤن: شریف برادران پر کیس چلانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Tragedy Model Town

Tragedy Model Town

لاہور (جیوڈیسک) سیشن عدالت نے ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاون کا مقدمہ وزیر اعظم، وزیراعلی، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق سمیت 21 شخصیات کے خلاف درج کرنے کےلیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

ایڈیشنل سیشن جج راجا اجمل نے کیس کی سماعت کی، ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کی براہ راست ذمہ داری وزیراعظم میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید اور خواجہ سعد رفیق سمیت 21 شخصیات پر عائد ہوتی ہے۔

موقف میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے نہتے عوام پر گولیاں چلا کر 14 افراد کو شہید کر دیا اور اپنی مدعیت میں منہاج القرآن کے کارکنوں کے خلاف ہی مقدمہ درج کر لیا، منہاج القرآن کی طرف سے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی مگر اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل کا مقدمہ پہلے ہی درج ہو چکا ہے دوبارہ درج نہیں کیا جا سکتا، جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تفتیش ابھی جاری ہے، اس لیے کسی پر بھی سانحہ کی ذمہ داری عائد کرنا قبل از وقت ہے، لہذا درخواست خارج کی جائے۔عدالت نے وکلاء کے بیان مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔